پاکستان میں اسمارٹ فونز بنانے والی کمپنی ایئرلنک کمیونیکیشن لمیٹڈ نے وئیرایبل ڈیوائسز کی تیاری کیلئے چینی ٹیکنالوجی کمپنی آئی ایم آئی کے آئی کارپوریشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

کمپنی نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیشرفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس کے مطابق ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کے سی ای او مظفر حیات پراچہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ چین کے تاریخی دورے پر گئے جہاں ایئرلنک نے آئی ایم آئی کے آئی کارپوریشن کے ساتھ وئیر ایبل ڈیوائسز کی تیاری کیلئے ایک اہم مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

دریں اثنا پاکستانی اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی نے کہا کہ یہ پیشرفت پاکستان میں جدت اور تکنیکی ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لیے ایئرلنک کا ایک اور اقدام ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ تعاون پاکستان اور چین کے درمیان تکنیکی شراکت داری کو مستحکم کرنے میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتا ہے۔ اسٹاک مارکیٹ کو نوٹس کے مطابق دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان وفاقی سیکرٹری برائےے بورڈ انویسٹمنٹ، رحیم حیات قریشی نے شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف منگل کو 5 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچے جہاں وہ تیل و گیس، توانائی، آئی سی ٹی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں کریں گے۔

بدھ کو پاک چائنہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا کہ وہ اپنے چینی ہم منصبوں کے ساتھ ٹیکسٹائل، چمڑے، اسٹیل اور انجینئرنگ سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون اور سرمایہ کاری کے لیے سنجیدہ بات چیت کریں۔

Comments

Comments are closed.