چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے منگل کو ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کروالیتی تو مخصوص نشستیں نہ ملنے کیخلاف سنی اتحاد کونسل کی درخواست سے متعلق تمام مسائل سے بچا جاسکتا تھا۔ یہ بات آج نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتائی ہے۔

تاہم جسٹس منیب نے ریمارکس دیے کہ بلے کا نشان واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے نے غلطیوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے فل کورٹ بینچ نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت منگل کو ملتوی کر دی۔ اب کیس کی سماعت 24 جون کو ہوگی۔

جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، یحییٰ آفریدی، امین الدین خان، جمال خان مندوخیل، محمد علی مظہر، عائشہ ملک، اطہر من اللہ، سید حسن اظہر رضوی، شاہد وحید، عرفان سعادت خان اور نعیم اختر افغان پر مشتمل 13 رکنی بینچ مقدمے کی سماعت کررہا ہے۔

پیر کو سماعت کے دوران جسٹس من اللہ نے کہا کہ ہر دور میں سیاسی جماعتوں کو ان کے ناموں سے محروم کر کے یا انتخابی نشان چھین کر نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ جانتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز (پی پی پی پی) کیوں وجود میں آئی تھی، کبھی پی پی پی اور پھر پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) اور اب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کو دیکھنا ہے کہ آئینی اور بنیادی حقوق کی تشریح کیسے کی جائے۔

سنی اتحاد کونسل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کا نیا مسکن ہے۔ حکمران اتحاد کے پاس قومی اسمبلی میں 224 نشستیں ہیں جس کی بدولت اسے 336 نشستوں پر مشتمل اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔

مارچ میں الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ایک انتہائی متنازعہ فیصلے میں سنی اتحاد کونسل کی 25 میں سے 21 مخصوص نشستیں حکمران اتحاد کو الاٹ کی گئی تھیں جس کے نتیجے میں عوامی سطح پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) نے سنی اتحاد کونسل کی کی مخصوص نشستوں میں سے 16 اور پیپلز پارٹی نے 5 نشستیں حاصل کی تھیں۔

اگر یہ سیٹیں دوبارہ سنی اتحاد کونسل کو دے دی جاتی ہیں تو حکمران اتحاد کی نشستیں کم ہوکر 203 ہو جائیں گی اور وہ وہ قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت سے محروم ہو جائے گی۔

مارچ میں چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں مختص کرنے کے لیے سنی اتحاد کونسل کی درخواست رد کردی تھی۔

Comments

200 حروف