وزارت نجکاری کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں 6 کمپنیوں اور کنسورشیم کو اہل قرار دے دیا گیا ہے۔

یہ بیان وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے۔

اس فہرست میں ایئر بلیو، عارف حبیب کارپوریشن، بلیو ورلڈ سٹی، فلائی جناح، پاک ایتھنول کنسورشیم اور وائی بی ہولڈنگز کنسورشیم شامل ہیں۔

بورڈ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پری کوالیفائیڈ کمپنیاں/کنسورشیم پی آئی اے کی بولی میں حصہ لے سکیں گے۔

بیان میں علیم خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہم خسارے میں چلنے والے تمام اداروں کی شفاف اور فوری نجکاری کو یقینی بنائیں گے۔ نجکاری کے عمل میں حصہ لینے والے اداروں کے تکنیکی اور مالی استحکام کو مدنظر رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم قومی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کر رہے ہیں۔

انہوں نے شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے نجکاری کے عمل کو میڈیا پر براہ راست نشر کرنے پر بھی زور دیا۔

Comments

200 حروف