ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 2.45 ملین ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم ملے گی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے 11.25 ملین ڈالر کی ریکارڈ توڑ انعامی رقم کا اعلان کیا ہے، جس کی فاتح ٹیم کو کم از کم 2.45 ملین ڈالر ملیں گے جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رقم ہے۔
میگا ایونٹ کے نویں ایڈیشن میں 20 ٹیمیں ویسٹ انڈیز اور امریکہ کے نو مقامات پر 28 دن تک مقابلہ کریں گی، جس سے یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ایونٹ بن جائے گا۔
کرکٹ کی گورننگ باڈی نے ایک بیان میں کہا کہ رنر اپ کو کم از کم 1.28 ملین ڈالر ملیں گے،جبکہ سیمی فائنل میں ہارنے والے ہر ایک کو 787,500 ڈالر ملیں گے۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ جو ٹیمیں دوسرے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھیں گی انہیں 382,500 ڈالر اور نویں سے 12 ویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو 247,500 ڈالر دیے جائیں گے۔
13 ویں سے 20 ویں نمبر پر آنے والی ٹیموں میں سے ہر ایک کو 225،000 ڈالر ملیں گے۔ مزید برآں، ہر ٹیم کو سیمی فائنل اور فائنل کو چھوڑ کر ہر میچ جیتنے پر 31,154 ڈالر اضافی ملیں گے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں 40 میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد سپر ایٹ اور اس کے بعد ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور گیانا میں سیمی فائنل کھیلے جائیں گے۔ فائنل میچ بارباڈوس کے کینسنگٹن اوول میں کھیلا جائے گا جہاں 2024 کے مردوں کی چیمپیئن ٹیم کو تاج پہنایا جائے گا۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس نے ایونٹ کی تاریخی اہمیت پر تبصرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ کئی لحاظ سے تاریخی ہے لہٰذا یہ مناسب ہے کہ کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقم اس کی عکاسی کرتی ہو۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں کروڑوں شائقین کو کھلاڑیوں کی جانب سے تفریح فراہم کی جائے گی جس کی ہم امید کر رہے ہیں۔
Comments
Comments are closed.