وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ پاکستان سائبر کرائم کے خلاف جنگ میں برطانیہ کی حمایت کا خیر مقدم کرے گا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں نیشنل کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل جیمز بیبیج اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل سیکورٹی آف فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس جوناتھن ایلن سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔

ملاقاتوں کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل کرائم ایجنسی پاکستانی افسران کو سائبر کرائمز اور انسداد منشیات کے حوالے سے تربیت دے گی۔

وزیر داخلہ نے منشیات کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک کے درمیان زیادہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر داخلہ نے لندن میں کیبنٹ آفس نیشنل سیچویشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔

پاکستان اور برطانیہ نے باہمی قانونی معاونت کے حوالے سے لیٹر آف انٹینٹ ( ایل او آئی) پر بھی دستخط کیے ہیں۔

پاکستان، برطانیہ ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ کے لیے پرعزم ہیں۔

اس معاہدے سے غیر قانونی ہجرت اور منظم امیگریشن سے متعلق جرائم سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ اس سے منشیات کی اسمگلنگ سمیت دیگر گھناؤنے جرائم کی تحقیقات میں بھی مدد ملے گی۔

اس پر وزارت داخلہ، نیشنل پولیس بیورو، برطانوی ہائی کمیشن، اور پروگرام ٹیم کے نمائندوں سمیت مشترکہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے ذریعے عمل درآمد ممکن بنایا جائے گا۔

Comments

200 حروف