وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت مقامی صنعت کی معاونت کے لیے پرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج اسٹیل پروڈیوسرز (پی اے ایل ایس پی)، پاکستان اسٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) اور پاکستان اسٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن (پی ایس آر ایم اے) اور پاکستان اسٹیل پائپ لائنز ایسوسی ایشن (پی ایس پی اے) کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) بھی اجلاس میں موجود تھے۔

وفد نے اسٹیل انڈسٹری کی کارکردگی کا جائزہ پیش کرنے کے ساتھ اس کی ترقی کے لئے ممکنہ حکمت عملی پیش کی۔

انہوں نے صنعت کی توسیع کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں ایڈجسٹمنٹ کی تجویز پیش کی۔

اس کے علاوہ وفد نے آرگنائزڈ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کی وکالت کی اور تمام پروڈیوسرز اور فروخت کنندگان کو ٹیکس نیٹ میں ضم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خزانہ نے مقامی صنعت کی حمایت کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے اقدام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کم ٹیکس والے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے اسٹیل انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

چیئرمین ایف بی آر نے وفد کو حکومت کی جانب سے مسلسل تعاون اور سازگار اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

وفد نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اور چیئرمین ایف بی آر کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف