پاکستان اور کیریبیئن جزیرے کے ملک سینٹ لوشیا نے باقاعدہ سفارتی تعلقات قائم کرلیے۔ یہ بات ریڈیو پاکستان نے بدھ کو بتائی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور ان کی سینٹ لوشین ہم منصب مینیسا رامبلی نے نیویارک میں پاکستانی مشن میں ایک تقریب میں مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر سفیر منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ لوشیا کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کر رہے ہیں اور باضابطہ تعلقات کے قیام سے تجارت، سیاسی تعاون اور سیاحت میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ لوشیا کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور ہم دونوں عوام کے درمیان مضبوط رشتوں کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں سیاحت کے بے پناہ امکانات ہیں جنہیں سیاحوں کے دوروں کے ذریعے فروغ دیا جاسکتا ہے۔

اپنے ریمارکس میں سفیر مینیسا ریمبلی نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ لوشیا کے درمیان پہلے سے ہی شاندار تعلقات ہیں اور سفارتی تعلقات کو باقاعدہ بنانے سے موجودہ تعلقات کو مزید استوار کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے ذکر کیا کہ ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ڈیرن سیمی جن کا تعلق سینٹ لوشیا سے ہے وہ ایک اعزازی پاکستانی شہری ہیں اور ہمیشہ پاکستان اور اس کے لوگوں کی مہمان نوازی کے بارے میں بات کرتے ہیں۔

Comments

Comments are closed.