انٹر بینک مارکیٹ میں بدھ کے کاروباری روز کے اختتام پر امریکی ڈالرکے کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.04 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 10 پیسے کم ہوئی اور روپیہ 278 روپے 40 پیسے پر بند ہوا۔ یاد رہے کہ منگل کو یوم تکبیر کی تعطیلات کی وجہ سے انٹر بینک مارکیٹ بند رہی جب کہ پیر کو ڈالر 9 پیسے کے اضا فے سے 278.30 روپے پر بند ہوا تھا۔

حالیہ ہفتوں میں ملکی کرنسی بڑی حد تک ڈالر کے مقابلے 277 سے 278 روپے کی سطح پر رہی ہے جب پاکستان ایک طویل اور وسیع تر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ بیل آؤٹ پروگرام حاصل کرنے کے اپنے منصوبے کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

عالمی سطح پر امریکی ڈالر بدھ کو مستحکم رہا، فیڈرل ریزرو کی جانب سے رواں ہفتے کے اواخر تک مہنگائی کی اہم ریڈنگ سے قبل شرح میں کمی کا امکان نہیں ہے جبکہ ین چار ہفتوں میں اپنی کمزور ترین سطح پر چلا گیا۔

دو سالہ اور پانچ سالہ نوٹوں کی فروخت کے لیے قرضوں کی نیلامی میں کمی کے بعد ٹریژری کے بڑھتے ہوئے منافع کی وجہ سے بھی امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا جس سے امریکی حکومت کے قرضوں کی طلب کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہو گئے۔

منگل کو جاری ہونے والے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلسل تین ماہ تک خراب رہنے کے بعد مئی میں امریکی صارفین کے اعتماد میں غیر متوقع طور پر بہتری آئی ہے، لیکن افراط زر کے بارے میں خدشات برقرار ہیں اور بہت سے لوگوں کو اگلے سال کے دوران بلند شرح سود کی توقع ہے۔

متعدد کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر انڈیکس 104.67 کی سطح پر تھوڑا سا بڑھ گیا جو منگل کو تقریبا دو ہفتوں کی کم ترین سطح 104.33 پر پہنچ گیا تھا۔

Comments

200 حروف