پاکستان

چین کے تعاون سے گوادر بندرگاہ لاجسٹکس مرکز میں تبدیل ہو جائے گی، شہباز شریف

  • وزیراعظم کی چینی تاجروں بالخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت
شائع May 28, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے تعاون سے گوادر بندرگاہ کو لاجسٹکس مرکز میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

بلوچستان کے معدنی وسائل سے مالا مال خطے میں واقع گوادر بندرگاہ اربوں ڈالر کے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے، جو پاکستان میں زیر تعمیر 3,000 کلومیٹر طویل چینی انفراسٹرکچر نیٹ ورک منصوبہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بات چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں ترجیحی بنیادوں پر تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ چین کو اپنی برآمدات کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے چینی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کاروباری اداروں بالخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ چینی شہریوں کو پاکستان میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ہمسایہ ملک چین پاکستان میں اہم سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے تاہم حالیہ دنوں میں چین کے متعدد منصوبوں پر عسکریت پسندوں اور دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے حملے کیے گئے ہیں۔

26 مارچ کو ایک خودکش بمبار نے خیبر پختونخوا کے علاقے داسو میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کام کرنے والے انجینئرز کے قافلے سے ایک گاڑی ٹکرا دی تھی جس کے نتیجے میں پانچ چینی شہریوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

یہ حملہ 20 مارچ کو اسٹریٹجک طور پر گوادر بندرگاہ پر حملے کے بعد کیا گیا تھا۔

منگل کو اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے کے لئے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں زرعی زونز کا قیام ایک اہم منصوبہ ہوگا۔

وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ پاک چین تعاون بڑھانے کے لیے نئے منصوبے تیار کیے جائیں اور بزنس ٹو بزنس تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کلیدی شراکت دار ہے اور جنوبی ایشیائی ملک کی برآمدات بڑھانے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

Comments

Comments are closed.