پاکستان

یوم تکبیر قومی طاقت کی اجتماعی کاوش ہے، وزیراعظم شہباز شریف

  • مسلح افواج ان تمام افراد کی غیر متزلزل لگن کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے مشکلات کے باوجود یہ کارنامہ انجام دیا، آئی ایس پی آر
شائع May 28, 2024

ملک بھر میں آج یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے ، یہ وہ دن ہے جب بلوچستان کے علاقے چاغی کی پہاڑیوں میں جوہری تجربات کے بعد پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 28 مئی قابل اعتماد کم از کم ڈیٹرنس قائم کرنے کی طرف ہماری قوم کے مشکل لیکن قابل ذکر راستے کی داستان کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف اور ذوالفقارعلی بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم دن قومی طاقت کے تمام پہلوؤں کی اجتماعی کوشش کی علامت ہے جس نے ناقابل تسخیر چیلنج پر قابو پایا اور ملک کی دفاعی صلاحیتوں میں ایک سنگ میل حاصل کیا۔

دریں اثنا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی قوم کو یوم تکبیر کی مبارکباد دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج ان تمام افراد کی غیر متزلزل لگن اور بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں جنہوں نے مشکلات کے باوجود یہ کارنامہ انجام دیا۔

پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے دفاع، اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور ہر وقت کسی بھی قیمت پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

یاد رہے پیر کو وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔

28 مئی 1998 ء کو پانچ کامیاب ایٹمی تجربات کے ساتھ پاکستان دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا پہلا جوہری ہتھیاروں سے لیس ملک بن گیا جس نے خطے میں اپنی رٹ کو مضبوط کیا اور طاقت کا توازن بحال کیا۔

یوم تکبیر کو پاکستان کی تاریخ میں سرخ حروف کا دن سمجھا جاتا ہے جس نے طاقت کے توازن کے ذریعے ناقابل تسخیر دفاعی صلاحیتوں اور علاقائی استحکام کو یقینی بنایا۔

Comments

Comments are closed.