وفاق اور خیبرپختونخوا کا بجلی کے مسائل حل کرنے پر اتفاق
وفاقی حکومت اور خیبر پختونخوا کی حکومت نے بجلی کے نقصانات پر قابو پانے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے جس کا مقصد صوبے میں لوڈ شیڈنگ میں کمی لانا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ساتھ بجلی کے معاملات پر معاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان کے لیے ایک اچھا دن اور سیاسی قوتوں کی فتح ہے۔
علی امین گنڈا پور کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کے پی کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے مشترکہ مسائل کو تسلیم کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادی جماعتوں نے ”پاکستان کی معیشت کی بحالی“ کے لئے آج ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ عوام کو آگاہ کرنے کے لئے کمیونٹی کی بنیاد پر کوشش شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا کہ بجلی چوری کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کس طرح ہوتی ہے اور اس کو روکنے سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیسے ہوگا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے شکایات کا نوٹس لینے پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور بجلی کی بندش اور چوریوں کو کم کرنے کے لئے وزارت توانائی کے ساتھ تعاون کرنے کا وعدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پاور ڈویژن کو ان کی (صوبائی حکومت کی) کوتاہیوں کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصانات میں کمی آئے گی۔
ایک روز قبل علی امین گنڈاپور نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ملاقات کی تھی جس میں بجلی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور خاص طور پر لوڈ شیڈنگ سے متعلق مسائل پر گفتگو کی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ انہوں نے اسلام آباد میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی اور صوبے کے وسائل کے حصے پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اپنے موقف کا اعادہ کیا۔
مزید برآں انہوں نے خیبر پختونخوا کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے درخواست کی کہ خیبرپختونخوا کو جلد از جلد وفاقی فنڈز جاری کیے جائیں۔
ایس آئی ایف سی اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی اجلاس میں شرکت کی جنہیں آخری لمحات میں دعوت دی گئی۔
Comments
Comments are closed.