پاکستان

امیر قطر، امیر کویت نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

٭یہ پیشرفت امارات کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے 10 ارب ڈالر مختص کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔
شائع May 26, 2024

کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔ یہ بات ریڈیو پاکستان نے اتوار کے روز بتائی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اتوار کو وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری اور قطری سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخطر نے ان پیغامات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم سے ملاقات میں کویتی سفیر نے امیر کویت کا ایک خط پیش کیا جس میں باہمی متفقہ تاریخوں پر پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا۔

خط موصول ہونے پر وزیر اعظم شہباز نے گزشتہ ماہ ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے اپنی ملاقات پر روشنی ڈالی۔

وزیراعظم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان اور کویت کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا آئندہ اجلاس 28 مئی سے 30 مئی تک کویت میں ہوگا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم سے قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخطر نے بھی اسلام آباد میں ملاقات کی۔

اس ملاقات کے دوران قطر کے سفیر نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی طرف سے ایک خط پہنچایا جس میں وزیراعظم کی طرف سے باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت قبول کی گئی ہے۔

ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ وزیر اعظم شہباز نے قطر کے ساتھ پاکستان کے تاریخی برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

Comments

200 حروف