پاکستان

وفاقی وزیرخزانہ سے سوزوکی موٹرز کارپوریشن کے وفد کی ملاقات

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمد اور نگزیب سے سوزوکی موٹرز کارپوریشن (ایس ایم سی) کے جاپانی گلوبل نائب صدر کینیچی...
شائع May 24, 2024

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمد اور نگزیب سے سوزوکی موٹرز کارپوریشن (ایس ایم سی) کے جاپانی گلوبل نائب صدر کینیچی آیوکاوا کی قیادت میں ایک وفد نے جمعرات کو فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔

ملاقات میں پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایم سی ایل) کے جاپانی سی ای او اور ایم ڈی ہیروشی کاوامورا کے علاوہ فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کے افسران بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں آٹوموبائل کی صنعت کی ترقی میں سوزوکی کے دیرینہ تعاون کی تعریف کی۔

آیوکاوا نے وفاقی وزیر خزانہ کو بتایا کہ سوزوکی 1983 سے پاکستان میں موجود ہے۔ انہوں نے محمد اور نگزیب کو پاکستان میں اپنی طویل مدتی سرمایہ کا ری کی تجاویز سے آگاہ کیا ۔ وفد نے علاقائی مسابقت کو بڑھانے کے لیے پاکستان میں حجم کی بنیاد بڑھانے کے لیے پالیسی مداخلتوں کے حوالے سے تجاویز بھی دیں۔

محمد اورنگزیب نے اختراعی تجاویز پر وفد کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ایک بڑی منڈی ہے جس میں ترقی کی خاطر خواہ صلاحیت موجود ہے ، پاکستان مستقبل میں برآمدات کا ایک اسٹریٹجک مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صاف توانائی کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے اور اس اہم شعبے میں سرمایہ کاری کی منتظر ہے۔

وفد نے وفاقی وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور باہمی اہداف و پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کا عزم کیا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف