امارات نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے 10 ارب ڈالر مختص کردیے
متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) نے پاکستان کے اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے 10 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات اماراتی نیوز ایجنسی وام نے جمعرات کو اپنی رپورٹ میں بتائی ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق اماراتی حکومت کی جانب سے یہ اعلان اماراتی صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان جمعرات کو ابوظہبی میں پاکستانی معیشت کو مضبوط کرنے، اس میں تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کے بعد سامنے آیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورے پر پہنچے جہاں اطلاعات کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری ان کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے النہیان خاندان کے افراد شیخ تہنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
پی ٹی وی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ملاقات نے سیاسی، اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبے سمیت موجودہ تعاون کو مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی جن کا مقصد ملک میں سماجی و اقتصادی استحکام کو یقینی بنانا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانا ہے۔
انہوں نے توانائی، پورٹ آپریشنز کے منصوبوں، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات، اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون کے معاہدوں کے بامعنی نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم نے 1.8 ملین پاکستانیوں کی میزبانی پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے انسانی وسائل کی وسیع صلاحیت کو اجاگر کیا جو کہ متعدد شعبوں میں مددگار ہوسکتی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
پی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم شہباز نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا جس پر اماراتی صدر نے دعوت قبول کرلی۔
Comments
Comments are closed.