اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے زرمبادلہ ذخائر میں ہفتہ وار بنیادوں پر 22 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی زرمبادلہ ذخائر 17 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے میں 9.16 بلین ڈالر تک پہنچ گئے۔ مرکزی بینک نے تازہ اعداد و شمار جمعرات کو جاری کیے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک کے پاس کل مائع غیر ملکی ذخائر 14.59 بلین ڈالر رہے۔کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص غیر ملکی ذخائر 5.43 بلین ڈالر رہے۔

مرکزی بینک نے ذخائر میں اضافے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

بیان کے مطابق 17 مئی 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر 22 ملین امریکی ڈالر بڑھ کر 9,157.0 ملین امریکی ڈالر ہو گئے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان کے مرکزی بینک کے ذخائر میں 15 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔

رواں ماہ کے اوائل میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر تقریباً دو سال کے بعد 1.114 بلین ڈالر کے اضافے سے 9 بلین ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔

ڈالر کے ذخائر میں اضافہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے اس کے 3 بلین ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کی 1.1 بلین ڈالر کی آخری قسط سے ہوا ہے۔

Comments

Comments are closed.