پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے جمعرات کے کاروباری روز 75 ہزار پوائنٹس کی سطح دوبارہ حاصل کرلی۔ جعمرات کو محتاط انداز میں تجارتی سیشن کے دوران انڈیکس معمولی اضافہ کرنے میں کامیاب رہا۔

مثبت زون میں بند ہونے سے قبل ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 157.80 پوائنٹس یا 0.21 فیصد اضافے کے ساتھ 75,114.47 پوائنٹس پر بند ہوا۔

حالیہ ہفتوں میں ریکارڈ بلندیوں کو چھونے کے بعد مارکیٹ نے محتاط انداز اختیار کرلیا ہے کیونکہ سرمایہ کار مانیٹری پالیسی میٹنگ اور بجٹ کے اعلان سے پہلے نئے مثبت محرکات کی تلاش میں ہیں۔

بروکریج ہاؤس کیپٹل اسٹیک نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں کہا کہ پی ایس ایکس میں مثبت جذبات پیدا ہوئے، انڈیکس اتار چڑھاؤ کا شکار رہا تاہم اختتام پر مثبت زون میں بند ہوا ، پچھلے سیشن کے مقابلے میں حجم میں اضافہ ہوا۔

بروکریج ہاؤس نے کہا کہ 100 انڈیکس میں میں اضافہ کرنے والے شعبوں میں بجلی کی پیداوار اور تقسیم (101.58پوائنٹس اضافہ)، تیل اور گیس کی تلاش (78.36 پوائنٹس اضافہ)، اور تیل اور گیس کی مارکیٹنگ (20.99 پوائنٹس اضافہ) شامل ہیں۔

بدھ کو کے ایس ای 100 انڈیکس 75 ہزار پوائنٹس سے نیچے بند ہوا تھا کیوں کہ کچھ دیر کیلئے منافع کے حصول کے رحجان کے سبب انڈیکس کو 250 پوائنٹس کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔

اہم پیشرفت میں وزیر اعظم شہباز شریف جمعرات کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ایک روزہ دورے پر پہنچے جہاں اطلاعات کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری ان کے ایجنڈے میں سرفہرست ہوگی۔

رواں سال فروری میں ہونے والے انتخابات کے بعد وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم وزراء پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے۔

بعد ازاں پاکستانی اور متحدہ عرب امارات کے تاجروں اور سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج میں اس عظیم برادر ملک میں قرض لینے کے لیے نہیں بلکہ تعاون اور سرمایہ کاری کے لیے آیا ہوں جس کا سرمایہ کاروں کے لیے باہمی فائدہ ہے۔

دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالرکے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.06 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر روپے کی قدر میں 17 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ امریکی ڈالر 278 روپے 30 پیسے پر بند ہوا۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم ایک سیشن پہلے 584.48 ملین سے بڑھ کر 758.94 ملین ہو گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 17.71 ارب روپے سے گھٹ کر 16.71 ارب روپے ہوگئی۔

کے الیکٹرک لمیٹڈ 191.62 ملین شیئرز کے ساتھ والیم لیڈر رہی۔ اس کے بعد ورلڈ کال ٹیلی کام 94.78 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور سمیٹری گروپ لمیٹڈ 47.72 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

جمعرات کو 376 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 192 کے بھاؤ میں اضافہ، 156 میں کمی جبکہ 28 کے بھاؤ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

Comments

Comments are closed.