وزیر اعظم شہباز شریف ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ناگہانی موت پر تعزیت کے لیے تہران پہنچ گئے۔

رواں ہفتے کے شروع میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے وزیر خارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

تہران کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وزیراعظم کا استقبال ایرانی وزیر برائے شہری ترقی مہرداد بازرپاش نے کیا۔

دورے کے ایک حصے کے طور پر وزیر اعظم ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ امام خامنہ ای اور ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے ملاقات کریں گے اور پاکستان کے عوام اور حکومت دونوں کی جانب سے تعزیت کا اظہار کریں گے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم نے ایرانی سفارتخانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں ایرانی سفیر سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا۔

پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مغدام نے مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے ہونے پر وزیراعظم اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔

63 سالہ رئیسی 2021 میں ایران کے صدر منتخب ہوئے تھے جنہوں نے عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری مذاکرات کے حوالے سے سخت دباؤ ڈالا تھا۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای، جو خارجہ پالیسی اور ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں حتمی رائے کے ساتھ حتمی اختیار رکھتے ہیں، نے اس سے قبل ایرانیوں کو یہ یقین دلانے کی کوشش کی تھی کہ ریاستی معاملات میں کوئی خلل نہیں پڑے گا۔

Comments

Comments are closed.