کے الیکٹرک نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے مالی سال 2024-2028 کی مدت کیلئے پاور ایکوزیشن پروگرام (پی اے پی) کی منظوری حاصل کرلی ہے۔ یہ منظوری کراچی میں بجلی کی فراہمی کے اعتبار اور پائیداری کو بڑھانے کے لئے کے الیکٹرک کی حکمت عملی میں ایک اہم پیش رفت کو ظاہر کرتی ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے 20 مارچ 2023 کو پی اے پی جمع کرانے میں قابل تجدید توانائی، مقامی ایندھن اور نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی کو مربوط کرکے مستحکم بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع منصوبے کا خاکہ پیش کیا گیا تھا۔ یہ پرعزم پروگرام نیپرا کی منظور شدہ آئی جی سی ای پی 2022-2031، قومی بجلی پالیسی 2021 اور قومی بجلی منصوبہ 2023-2027 سے مطابقت رکھتا ہے۔

منظور شدہ منصوبے کی ایک اہم بات قابل تجدید توانائی کا انضمام ہے۔ کے الیکٹرک 2030 تک شمسی اور ہوا سمیت 1282 میگاواٹ کے قابل تجدید توانائی کے منصوبے شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس میں کراچی میں 270 میگاواٹ کا قابل ذکر سولر پی وی منصوبہ اور دھابیجی گرڈ اسٹیشن کے قریب 200 میگاواٹ کا ہائبرڈ پلانٹ شامل ہے۔ توقع ہے کہ منصوبے شہر کے توانائی مکس میں نمایاں کردار ادا کریں گے ، استحکام کو فروغ دیں گے اور کاربن فٹ پرنٹ کو کم کریں گے۔

کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے نیپرا کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نیپرا کی جانب سے ہمارے پاور ایکوزیشن پروگرام کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں جس سے ہمیں اگلے 5 سال کے لیے واضح روڈ میپ مل گیا ہے۔ پائیدار توانائی کے ماحولیاتی نظام کو چلانے کے لئے صاف توانائی کا اضمام ضروری ہے ، قابل اعتماد کے ساتھ کفایت شعاری کو متوازن کرنا بھی اہم ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ہم اپنے 640 میگاواٹ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر عالمی سطح پر بہت زیادہ دلچسپی حاصل کر رہے ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کے الیکٹرک کو ایک برانڈ کے طور پر کیا شہرت حاصل ہے۔ یہ فیصلہ ہمیں جدید، پائیدار ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کرنے کے قابل بناتا ہے، جو بالآخر کراچی کی بہتری اور اس کے رہائشیوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

مزید برآں، پی اے پی میں مقامی کوئلے پر گنجائش میں اضافہ بھی شامل ہے جو توانائی کے مکس کو متنوع بنائے گا اور درآمدی ایندھن پر انحصار کو کم کرے گا۔

پی اے پی میں نیشنل گرڈ سے اضافی بجلی درآمد کرنے کے لیے کے الیکٹرک کے معاہدوں کی بھی تفصیلات دی گئی ہیں جس سے گرڈ کے استعمال میں بھی بہتری آئے گی جس سے ریگولیٹڈ صارفین کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر اس شعبے کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

یہ منظوری کے الیکٹرک کے لئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ وہ قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر انحصار میں اضافے کے ذریعے پائیداری کو فروغ دیتے ہوئے کراچی کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس منصوبے کے کامیاب نفاذ سے شہر کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور اس کے رہائشیوں اور کاروباری اداروں کو قابل اعتماد اور پائیدار توانائی کی فراہمی کی توقع ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

Comments are closed.