حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کا امکان ہے۔
16 مئی سے پٹرول کی قیمت میں 13.40 روپے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 8.19 روپے فی لٹر کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
پٹرول پر 10.30 ڈالر فی بیرل اور ایچ ایس ڈی پر 6.50 ڈالر فی بیرل پریمیم متوقع ہے جس میں 12 پیسے کی ایکسچینج ریٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی۔
تاہم سرکاری اعلان میں ابھی دو دن باقی ہیں۔
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت 6.32 ڈالر فی بیرل کم ہوکر 99.93 ڈالر فی بیرل ہوگئی ۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے 49 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 54 پیسے فی لٹر کمی کا امکان ہے۔
اگر حکومت ان تخمینوں میں کمی کی منظوری دیتی ہے تو پٹرول کی قیمت 288.49 روپے سے کم ہو کر 275.09 روپے فی لٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 281.96 روپے سے کم ہو کر 273.77 روپے فی لٹر، کیرو کی قیمت 183.34 روپے سے کم ہو کر 173.85 روپے فی لٹر اور ایل ڈی او کی قیمت 170.66 روپے سے کم ہو کر 164.12 روپے فی لٹر ہو جائے گی۔
حکومت اس وقت پٹرول اور ایچ ایس ڈی دونوں پر 60 روپے فی لٹر پٹرولیم لیوی وصول کرتی ہے۔ رواں مالی سال پٹرولیم لیوی کی مد میں 936 ارب روپے وصول کیے جانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو کہ بجٹ ہدف 869 ارب روپے سے زیادہ ہے۔
حکومت کو توقع ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے پٹرولیم مصنوعات کی فروخت اور کھپت میں اضافہ ہوگا جو اپریل 2024 میں ماہ بہ ماہ چار فیصد اور سال بہ سال چھ فیصد کم ہوئی تھی۔
Comments
Comments are closed.