پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کے کاروباری روز تیزی کا رحجان برقرار رہا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 730 پوائنٹس اضافے سے 74 ہزارپوائنٹس سے اوپر کی سطح پر بند ہوا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس نے دن کا آغاز ہی مثبت انداز میں اور پورے سیشن بالخصوص آخری گھنٹوں میں خریداری کا غلبہ رہا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 732.08 پوائنٹس یا 0.99 فیصد اضافے کے ساتھ 74,531.19 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پیر کو بھی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے کو ملی تھی کیونکہ اس کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1 فیصد یا 713.61 پوائنٹس کے اضافے سے 73,799.11 پوائنٹس پر بند ہوا۔
منگل کو تجارتی بینکوں، کھاد، تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور ریفائنری سمیت سیکٹرز میں خریداری دیکھی گئی۔
انڈیکس کے ہیوی اسٹاکس او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی ایس او، ایس این جی پی ایل، ایچ بی ایل اور این بی پی مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
سرمایہ کاروں نے خریداری میں اضافے کی وجہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستانی حکام کے درمیان ایک نئے پروگرام کے بارے میں بات چیت میں پیش رفت قرار دی ہے۔
ایک اہم پیش رفت میں وال سٹریٹ بینک سٹی نے کہا کہ توقع کہ پاکستان جولائی کے آخر تک 8 بلین ڈالر تک کے نئے چار سالہ پروگرام کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کر لے گا۔
سٹی کے نکولا اپوسٹولوف نے اپنے صارفین کے نام ایک نوٹ میں لکھا کہ آئی ایم ایف کے ایک بڑے اور طویل ای ایف ایف (توسیعی فنڈ سہولت) پروگرام کو جولائی تک حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔
دریں اثنا حکومت پاکستان نے پیر کے روز آئی ایم ایف کے ساتھ ایک نئے اور بڑے قرض پروگرام کیلئے بات چیت کا آغاز کردیا ہے۔ فنانس ڈویژن کے مطابق آئی ایم ایف مشن چیف نیتھن پورٹر کی سربراہی میں مشن نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی جس میں آئی ایم ایف کے ساتھ مزید رابطوں پر بات چیت کا آغاز کیا گیا۔ علاوہ ازیں منگل کے کاروباری روز انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھنے کو ملا۔ کاروبار کے اختتام پر روپے کی قدر 2 پیسے بڑھی اور ڈالر 278.18 روپے پر بند ہوا۔
آل شیئر انڈیکس کا حجم ایک سیشن پہلے 721.6 ملین سے کم ہو کر 574.18 ملین ہو گیا۔
حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 25.65 ارب روپے سے کم ہو کر 23.42 ارب روپے ہوگئی۔
سنرجیو پی کے 35.48 ملین شیئرز کے ساتھ والیم لیڈر رہی، اس کے بعد ورلڈ کال ٹیلی کام 29.9 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور کے الیکٹرک لمیٹڈ 28.17 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
منگل کو 388 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 190 کے بھاؤ میں اضافہ، 178 میں کمی جبکہ 20 کے بھاؤ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
Comments
Comments are closed.