ایک اہم پیش رفت کے طور پر حکومت پاکستان اور دورہ کرنے والے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشن نے پیر کے روز بات چیت کا آغاز کردیا ہے، کیونکہ پاکستان گزشتہ ماہ 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی انتظامات (ایس بی اے) مکمل کرنے کے بعد ایک بڑا اور طویل معاہدہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔
فنانس ڈویژن کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیر کو آئی ایم ایف مشن کے وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت نیتھن پورٹر کر رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی ٹیم کو ایس بی اے کے دوران میکرو اکنامک انڈیکیٹرز میں بہتری سے آگاہ کیا اور اصلاحاتی ایجنڈے کو جاری رکھنے اوراس میں توسیع کے عزم پر زور دیا۔
اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
گزشتہ ماہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کے ایس بی اے کی آخری قسط کے 1.1 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بعد میں کہا کہ اس رقم سے ملک کو زیادہ سے زیادہ معاشی استحکام حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
آئی ایم ایف قرض کی آمد سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تقریبا دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، 3 مئی تک یہ 9.12 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
پاکستان اب ملک میں میکرو اکنامک استحکام حاصل کرنے کے لئے آئی ایم ایف پروگرام کی ایک بڑی اور طویل توسیعی فنڈ سہولت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وال اسٹریٹ بینک سٹی کو توقع ہے کہ پاکستان جولائی کے آخر تک آئی ایم ایف کے ساتھ آٹھ ارب ڈالر تک کے نئے چار سالہ پروگرام کے معاہدے پر پہنچ جائے گا۔ اس نے ملک کے 2027 کے بین الاقوامی بانڈز پر طویل مدتی خریداری کی سفارش کی ہے۔
سٹی میں نکولا اپوسٹلوف نے گاہکوں کے نام ایک نوٹ میں لکھا کہ اگرچہ طویل مدتی چیلنجز کا تعلق ہے ، لیکن ہم یورو بانڈز کی حمایت کرنے والے متعدد مثبت محرکات دیکھتے ہیں۔
Comments
Comments are closed.