شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ نواز شریف پارٹی صدر کی حیثیت سے اپنا جائز مقام دوبارہ حاصل کریں۔
پنجاب کی سینئر وزیر اور مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں اس پیش رفت کو شیئر کیا۔ انہوں نے شہباز شریف کا استعفیٰ جو 11 مئی 2024 کو پارٹی کے سیکرٹری جنرل کو بھیجا گیا تھا شیئر کیا۔
خط میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2017 کے ہنگامہ خیز واقعات کے نتیجے میں نواز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے سے ”غیر منصفانہ طور پر نااہل“ قرار دیا گیا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وہ حالیہ واقعات سے خوش ہیں جس نے ان کے بڑے بھائی کو وقار کے ساتھ بری کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان پیش رفتوں اور ہمارے قائد کی ثابت قدم رہنمائی کی روشنی میں میرا ماننا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ محمد نواز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کی حیثیت سے اپنا جائز مقام دوبارہ حاصل کریں اور پارٹی کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی قیادت اور وژن فراہم کریں۔
شہباز شریف نے خط میں لکھا، لہذا، میں فرض کے گہرے احساس اور اپنی پارٹی کے اصولوں کے احترام کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کی حیثیت سے اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ نواز شریف کو 2018 میں اس وقت کے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بینچ نے یہ فیصلہ سنایا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دیا گیا فرد پارٹی کا سربراہ نہیں رہ سکتا۔
Comments
Comments are closed.