سپریم کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) کی 77 مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی کو معطل کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے آج جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام سپریم کورٹ کے گزشتہ ہفتے جاری کردہ حکم کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے 6 مئی 2024 کو جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق مخصوص نشستوں کے لیے درج ذیل امیدواروں کے نوٹیفکیشنز تاحکم ثانی معطل کیے جاتے ہیں۔

6 مئی کو اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ (پی ایچ سی) اور الیکشن کمیشن دونوں کے دیگر جماعتوں کو اضافی مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

معطل کیے گئے 77 ارکان میں سے 66 خواتین اور 11 اقلیتوں کے لیے مختص نشستوں پر منتخب ہوئے۔

کم از کم 19 خواتین قانون سازوں اور تین اقلیتی نمائندوں کا تعلق قومی اسمبلی سے تھا۔

صوبائی اسمبلیوں میں پنجاب اسمبلی کی 24، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 21 اور سندھ اسمبلی کی 2 خواتین ارکان کو معطل کیا گیا ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا سے 4، پنجاب سے 3 اور سندھ سے ایک اقلیتی ایم پی ایز کی رکنیت بھی معطل کردی گئی۔

یہ نشستیں اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور دیگر سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے لیے مختص کی گئی تھیں۔

Comments

Comments are closed.