نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار چین کے دورے پر بیجنگ پہنچ گئے جہاں وہ پانچویں پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے۔

یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا چین کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا استقبال سفیر وانگ فو کانگ اور چین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر خلیل ہاشمی نے کیا۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ پانچویں پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے ۔

دونوں فریقین اقتصادی اور تجارتی تعاون سمیت پاک چین دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فریقین علاقائی جغرافیائی سیاسی منظرنامے اور کثیرالجہتی سطح پر دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیر خارجہ چینی رہنماؤں اور سینئر عہدیداروں کے ساتھ ممتاز کاروباری اداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

دریں اثنا پاکستان کے ساتھ موجودہ تعلقات اور چین کے دورے کی توقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین اس دورے کو رہنماؤں کے درمیان اہم مشترکہ مفاہمت کو پورا کرنے کے موقع کے طور پر لینے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہمسایہ ملک روایتی دوستی کو آگے بڑھانا چاہتا ہے، اسٹریٹجک مواصلات اور کوآرڈینیشن کو بڑھانا چاہتا ہے، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو گہرا کرنا چاہتا ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کو اپ گریڈ کرنا چاہتا ہے، چین اور پاکستان کے درمیان ہر موسم میں اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کو گہرا کرنا چاہتا ہے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ مزید قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کو تیز کرنا چاہتا ہے۔

Comments

Comments are closed.