سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ 2024 کے فائنل میں جاپان نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر جاپان نے پاکستان کو 4 کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ملائیشیا کے شہرایپوہ میں ہفتے کو کھیلے گئے فائنل کے مقررہ وقت کے اختتام تک دونوں ٹیموں کا اسکور 2-2 گول سے برابر رہا۔
جاپان نے کھیل کے آغاز سے ہی تابڑ توڑ حملے کیے، 12 ویں منٹ میں تاناکا سیرن کے فیلڈ گول کی بدولت جاپان نے ایک گول کی برتری حاصل کرلی۔
پہلے ہاف میں گیند پر گرین شرٹس کا 51 فیصد قبضہ رہا تاہم وہ اسے گول میں بدلنے میں ناکام رہیں۔
تاہم پاکستان ٹیم نے شاندار فائٹ بیک کرتے ہوئے 10 منٹ سے بھی کم وقت میں 2 گول کرکے جاپان کیخلاف ایک گول کی برتری حاصل کی۔
اعزاز احمد نے کھیل کے 34ویں منٹ میں گول کرکے اسکور برابر کیا جبکہ عبدالرحمان نے 37ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلوائی۔
گرین شرٹس نے یہ برتری تیسرے کوارٹرکے اختتام تک بر قرار رکھی تاہم جاپان کے کازوماسا ماتسوموتو نے 47ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے اسکور برابر کردیا۔
آخری کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل پیش کیا گیا اور مخالف گول پوسٹ پر لگاتار حملوں کا سلسلہ بھی جاری رہا تاہم کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔ پاکستان کو کھیل کے 57 ویں اور 58 ویں منٹ میں دو پنالٹی کارنر ملے تاہم گرین شرٹس نے گول کرنے کے یہ نادر موقع گنوادیے جس پر میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر گیا۔
اس سے قبل پاکستان نے جمعے کو نیوزی لینڈ کیخلاف اپنا آخری میچ ایک ایک گول سے برابرکرتے ہوئے ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ برقرار رکھا۔
پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے سخت مقابلہ کیا تاہم کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی۔ ڈیڈ لاک تیسرے کوارٹر میں اس وقت ختم ہوا جب نیوزی لینڈ کے لیوک ہومز نے 35ویں منٹ میں فیلڈ گول کر دیا۔
آٹھ منٹ بعد ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے اسکور برابر کردیا۔ ابوبکر محمود اپنے ساتھی کھلاڑی سفیان محمد خان کے ساتھ مشترکہ ٹاپ اسکورر رہے اور دونوں نے 4،4 گول کیے۔
1-1 گول سے میچ ڈرا ہونے پر پاکستان نے فائنل میں جاپان کیخلاف اپنی جگہ یقینی بنائی۔
فائنل کا راستہ
گزشتہ 13 برس کے بعد یہ پہلاموقع ہے جب پاکستان ٹیم اذلان شاہ ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچی۔ اس سے قبل گرین شرٹس نے آخری بار 2011 کے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا تھا جہاں انہیں آسٹریلیا کے خلاف 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ایونٹ کی تین بار چیمپئن رہنے والی پاکستان ٹیم نے حالیہ ایڈیشن میں جنوبی کوریا، ملائیشیا اور کینیڈا کے خلاف اپنے میچز جیتے جبکہ جاپان اور نیوزی لینڈ کیخلاف میچ ڈراکیے۔
Comments
Comments are closed.