کیریبین میڈیا میں ٹی 20 ورلڈ کپ کو ممکنہ خطرے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد منتظمین نے کہا ہے کہ جون میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے سخت حفاظتی منصوبہ تیار کرلیا ہے ۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے، ورلڈ کپ 2 سے 29 جون 2024 تک شیڈول ہے۔

ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے وزیر اعظم کیتھ رولے نے سنڈے ایکسپریس کو ویسٹ انڈیز اور امریکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ایونٹ کے لیے ممکنہ سیکیورٹی خطرے کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک مشترکہ بیان میں ایسے کسی بھی خدشے کو دور کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم میزبان ممالک اور شہروں میں حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں اور عالمی منظر نامے کی مسلسل نگرانی اور جائزہ لیتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہمارے ایونٹ سے متعلق کسی بھی خطرے کو کم کرنے کے لیے مناسب منصوبے موجود ہیں۔

ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ آئی سی سی مینزٹی 20 ورلڈ کپ میں ہر ایک کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہمارے پاس ایک جامع اور مضبوط سیکیورٹی پلان موجود ہے۔

Comments

Comments are closed.