پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کی صورت میں پاکستان ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے ایک لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے قومی ٹیم کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ اگر پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا تو ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک لاکھ ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی دو گھنٹے تک قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ رہے او ان سے ورلڈ کپ کیلئے حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کو ایک لاکھ ڈالر ملیں گے، یہ انعامی رقم ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے کے مقابلے میں کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم پاکستان کا پرچم بلند کرے گی۔

انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ بلا خوف و خطر اور صرف اپنے ملک کے لئے کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ جیت آپ کے لئے ہوگی اور شکست میرے لئے ہوگی۔

انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ ملک کو آپ سے بہت سی توقعات ہیں، آپ کو انہیں پورا کرنا ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی نے محمد رضوان اور نسیم شاہ کو ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں سنگ میل عبور کرنے پر خصوصی شرٹس بھی پیش کیں۔

رضوان نے حال ہی میں 3 ہزار ٹی 20 رنز مکمل کئے جبکہ نسیم شاہ نے اپنی 100 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں مکمل کیں۔

پی سی بی کے مطابق محسن نقوی نے مقامی ہوٹل میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا۔

Comments

200 حروف