پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے محدود مدت کی پیشکش کے طور پر اپنی سوئفٹ کاروں کے ورژن کی قیمت میں 7 لاکھ 10 ہزار روپے تک کمی کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے یکم ممئی 2024 کو نوٹس میں لکھا گیا ہےکہ مارکیٹ کے موجودہ حالات اور حرکیات کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہم سوزوکی سوئفٹ کی پروموشنل ریٹیل فروخت کی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔
قیمتوں میں اس تازہ ترین ترمیم کے بعد سوئفٹ جی ایل ایم ٹی اب 44 لاکھ 21 ہزار روپے سے 85 ہزار روپے کم ہوکر 43 لاکھ 36 ہزار روپے میں فروخت ہوگی۔ سوئفٹ جی ایل سی وی ٹی اب 159000 روپے کمی کے بعد 47 لاکھ 19 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔
قیمتوں میں سب سے زیادہ کمی سوئفٹ جی ایل ایکس سی وی ٹی میں دیکھی گئی جو 7 لاکھ 10 ہزار روپے کی کمی کے ساتھ 54 لاکھ 29 ہزار روپے سے کم ہوکر 47 لاکھ 19 ہزار روپے ہوگئی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نظر ثانی شدہ ریٹیل قیمتوں میں ایف ای ڈی اور سیلز ٹیکس شامل ہیں ۔ جبکہ ایڈوانس انکم ٹیکس اس میں شامل نہیں ہے۔
پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے کارپوریٹ افیئرز کے سربراہ شفیق احمد شیخ نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ “ہم نے سوزوکی سوئفٹ کی قیمتوں میں تمام ورژن پر کمی کی ہے لیکن یہ صرف ایک محدود مدت کے لئے ہے۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ کمپنی کا یہ فیصلہ ”معاشی استحکام کی طرف واپسی اور کرنسی میں کمی بیشی نہ ہونے کا مرہون منت ہے“۔ مزید برآں، حکومت اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی پالیسیوں کا تسلسل بھی ایک کردار ادا کر رہا ہے۔
”سب سے بڑھ کر، حکومت کی طرف سے مزید ٹیکس نہ لگانے سے بھی صنعت کو مدد مل رہی ہے“۔ پیر کو لکی موٹر کارپوریشن نے بھی پاکستان میں KIA کی اسٹونک ایکس پلس کی قیمت میں بڑے پیمانے پر کمی کا اعلان کیا تھا۔
تازہ ترین ترمیم کے بعد KIA کی اسٹونک ایکس پلس اب 15 لاکھ 13 ہزار روپے کی کمی کے ساتھ 47 لاکھ 67 ہزار روپے میں فروخت ہوگی۔
قیمتوں پر نظر ثانی کا اطلاق 29 اپریل سے ہوگا۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے آٹو تجزیہ کار محمد ابرار کا کہنا ہے کہ آٹوکمپنیوں کی جانب سے یہ فیصلہ طلب کو بحال کرنے اور زیادہ مارکیٹ شیئر حاصل کرنے کے لئے کیا گیا ہے اور مشکلات سے دوچار آٹوموبائل مارکیٹ اب زیادہ مسابقتی ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
Comments
Comments are closed.