اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ہفتہ وار بنیادوں پر 25 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا جو 26 اپریل تک 8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

پاکستان کے کُل مائع زرمبادلہ(فارن ریزرو) کے ذخائر 13.3 ارب ڈالر رہے۔ان میں سے کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص زرمبادلہ کے ذخائر 5.3 ارب ڈالر رہے۔

مرکزی بینک نے ذخائر میں اضافے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 26 اپریل 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر 25 ملین ڈالر اضافے سے 8006.0 ملین ڈالر ہوگئے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان کے مرکزی بینک کے ذخائر 74 ملین ڈالر کم ہو کر 8 ارب ڈالر سے نیچے آ گئے تھے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 3 ارب ڈالر کی آخری قسط میں 1.1 ارب ڈالر مل گئے ہیں۔

یہ پیش رفت آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے فنڈنگ کی منظوری کے بعد سامنے آئی ہے۔

مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ یہ رقم 3 مئی 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر ہوگی۔

Comments

200 حروف