پاکستان کا تجارتی خسارہ 18 فیصد کم ہو کر 19.5 ارب ڈالر رہ گیا
پاکستان بیوروآف اسٹیٹسٹکس(پی بی ایس) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق درآمدات میں نمایاں کمی اور برآمدات میں اضافے کی وجہ سے جولائی تا اپریل کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 18 فیصد کم ہو کر 19.5 ارب ڈالر رہ گیا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اپریل 2023-24ء کے دوران ملک کے تجارتی توازن( برآمدات اور درآمدات کے درمیان فرق) میں 19.51 ارب ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ خسارہ 23.53 ارب ڈالر تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق درآمدات میں نمایاں کمی آئی جبکہ برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا جس سے تجارتی خسارہ کم ہوا۔ مالی سال 2024ء کے 10 ماہ کے دوران پاکستان کی برآمدات 9.1 فیصد اضافے کے ساتھ 25.28 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 23.17 ارب ڈالر تھیں۔
دوسری جانب جولائی تا اپریل کے عرصے میں درآمدات 4.09 فیصد کم ہوکر 44.79 ارب ڈالر رہیں جو مالی سال 2023 کے اسی عرصے میں 46.70 ارب ڈالر تھیں۔
ماہانہ اعداد و شمار
تاہم پی بی ایس کے مطابق ملک کا تجارتی خسارہ اپریل 2024 میں سال بہ سال 180 فیصد اضافے کے ساتھ 2.37 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو 2023 کے اسی عرصے میں 0.846 ارب ڈالر تھا۔
برآمدات اور درآمدات دونوں میں اضافہ ہوا ، تاہم ، درآمدات میں اضافہ زیادہ واضح تھا۔
Comments
Comments are closed.