آئین کا آرٹیکل 19 آزادی اظہار کی حدود کا تعین کرتا ہے، آرمی چیف
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین کا آرٹیکل 19 واضح طور پر آزادی رائے اور اظہار رائے کی حدود کا تعین کرتا ہے۔
پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف)، خیبر پختونخوا میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ جو لوگ آئین میں درج آزادی اظہار پر عائد واضح پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں، وہ دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہم اپنی آئینی حدود سے بخوبی واقف ہیں اور دوسروں سے آئین کی پاسداری کی توقع رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلحے کی دوڑ ہمارے خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑ دے گی۔
دریں اثناء اپنے خطاب میں آرمی چیف نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ کیڈٹس کردار، ہمت اور قابلیت کی بنیاد پر زندگی گزاریں گے ۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس مادر وطن کے دفاع، عزت اور وقار کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوجی قیادت آپ سے توقع رکھتی ہے کہ آپ ہمیشہ قومی جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی لازوال روایت کو برقرار رکھیں گے۔
Comments
Comments are closed.