آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بدھ کو برطانوی ہم منصب جنرل سر پیٹرک سینڈرز نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں برطانوی فوج کے نامزد چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر رولینڈ واکر بھی شریک تھے۔ ملاقات میں دونوں جانب سے پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور اور دو طرفہ دفاعی تعلقات مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے دو طرفہ ملٹری تعلقات کو بڑھانے میں خدمات ادا کرنے پر برطانوی ہم منصب سے اظہار تشکر کیا جبکہ جنرل رولینڈ واکر کو برطانوی فوج کا آگلا چیف آف جنرل اسٹاف نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

مزید برآں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور جنرل سر پیٹرک سینڈرز نے منگل کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں چھٹی پاک-برطانیہ علاقائی استحکام کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا۔ جنرل سر رولینڈ واکر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

پاک-برطانیہ استحکام کانفرنس دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم دفاعی اور سیکورٹی ڈائیلاگ ہے، جو باری باری پاکستان اور برطانیہ میں منعقد ہوتی ہے جس میں مختلف شعبوں کے ماہرین، دفاعی حکام، دانشور اور سول سوسائٹی کے نمائندے شرکت کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ اس کانفرنس کے سلسلے میں برطانیہ کا 30 رکنی وفد 29 اپریل سے 3 مئی 2024 تک پاکستان کا دورہ کر رہا ہے جس کی قیادت اسٹینڈنگ جوائنٹ فورس کے کمانڈر میجر جنرل ٹام بیٹ مین کر رہے ہیں۔

کانفرنس کے دوران دونوں اطراف کے وفود عالمی اور علاقائی ماحول اور قومی سلامتی اور علاقائی امن و استحکام پر اس کے اثرات کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کریں گے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس سال بات چیت صرف علاقائی مسائل تک محدود نہیں ہوگی بلکہ اس کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے اور دونوں ممالک ے دفاعی حکام بھی کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں۔

Comments

Comments are closed.