صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم مزدور کی مناسبت سے محنت کش طبقے کیلیے اپنے پیغامات جاری کردیے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کی حکومت گھریلو محنت سے متعلق قانون سازی کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے مزدوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے اپنی جانیں دیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم بہتر رہائش، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور سماجی تحفظ کے فوائد کے ذریعے ان کی فلاح و بہبود کو مزید فروغ دے کر ان کے کام کرنے اور ان کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
دریں اثناء صدر آصف علی زرداری نے مزدوروں کے وقار کو برقرار رکھنے اور ان کی تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے آجروں پر زور دیا کہ وہ اجرت کے منصفانہ طریقوں کو اپنائیں، کارکنوں کی حفاظت اور صحت کے لیے اقدامات کریں اور خطرناک ماحول میں کام کرنے والے مزدوروں کو ضروری تربیت اور حفاظتی سامان کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں مزدوروں کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب مزدور کے وقار کو تسلیم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں کو مزدوروں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔
واضح رہے کہ یکم مئی دنیا بھر میں محنت کش طبقے کی تاریخی جدوجہد کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔ اس دن شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے جنہوں نے یکم مئی 1886 کو شکاگو میں مزدوروں کے حقوق کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
مزدوروں کی قربانیوں کے نتیجے میں ان کے کام کے اوقات مقرر ہوئے اور انہیں کام کے بہتر حالات میسر آئے۔
Comments
Comments are closed.