وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8.74 روپے فی لٹر تک کمی کا اعلان کردیا ۔
یہ فیصلہ درآمدی پریمیم اور عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کی وجہ سے کیا گیا ہے ۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج (یکم مئی) سے ہوگیا ہے جو 15 مئی تک نافذ العمل رہے گا۔
فنانس ڈویژن کے مطابق وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 5.45 روپے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 8.42 روپے فی لٹر تک کمی کا اعلان کیا ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 8.74 روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت میں 5.63 روپے فی لٹر کی کمی کی گئی ہے۔
پٹرول پر پریمیم کی شرح 13ڈالر فی بیرل سے گھٹ کر 9.60 ڈالرفی بیرل ہوگئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر6.50 ڈالر فی بیرل پر کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔
پٹرول اور ایچ ایس ڈی پر 60 روپے فی لٹر پٹرولیم لیوی (پی ایل) عائد ہے جبکہ جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو صفر پر برقرار رکھا گیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے 30 اپریل 2024 کو پٹرولیم قیمتوں کے لیے فنانس ڈویژن کو اپنی سفارشات غور کے لیے پیش کیں۔
اس کے نتیجے میں پٹرول کی نئی قیمت 293.94 روپے سے کم ہوکر 288.49 روپے فی لٹراور ہائی اسپیڈ ذیزل کی نئی قیمت 290.38 روپے سے کم ہوکر 281.96 روپے فی لٹرہوگئی۔
مٹی کے تیل کی قیمت بھی 193.08 روپے سے کم ہو کر 184.34 روپے فی لٹر ہو گئی ہے اور ایل ڈی او کی قیمت اب 174.34 روپے سے کم ہو کر 168.71 روپے پر آگئی ہے۔
15 اپریل کو پٹرولیم قیمتوں کے آخری پندرہ روزہ جائزے میں وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 4.53 روپے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8.14 روپے فی لٹر اضافہ کیا تھا۔
Comments
Comments are closed.