پاکستان اسٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس) میں فروخت کا دباؤ ایک بار پھر دیکھا گیا کیونکہ منگل کو بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 593 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔
کے ایس ای 100انڈیکس میں ابتدائی چند گھنٹوں میں کچھ خریداری دیکھنے میں آئی، جس سے انڈیکس کو 72,119.66 پوائنٹس کی بلندی تک پہنچنے میں مدد ملی۔
تاہم آخری گھنٹوں میں فروخت کا دباؤ بڑھ گیا جس کے سبب انڈیکس منفی زون میں چلا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 592.49 پوائنٹس یا 0.83 فیصد کمی کے ساتھ 71,102.55 پوائنٹس پر بند ہوا۔
خاص طور پر آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکوں، تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا، جس میں او ڈی جی سی، ہیسکول، ایس ایس جی سی، اور ڈی جی کے سی انڈیکس بھاری اسٹاک کے ساتھ سرخ منفی زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔.
پیر کو شرح سود کے حوالے سے مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے فیصلے پر سرمایہ کاروں کے درمیان غیر یقینی صورتحال کے سبب اسٹاک مارکیٹ پر بھاری فروخت کا دباؤ دیکھا گیا، کیونکہ بینچ مارک انڈیکس 1,047.71 پوائنٹس یا 1.44 فیصد کی کمی سے 71,695.03 پر بند ہوا۔
ایک اہم پیشرفت کے طور پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پیر کو پاکستان کے معاشی اصلاحات کے پروگرام کا اپنا حتمی جائزہ مکمل کیا جس میں 3 بلین ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کی مدد سے 1.1 بلین ڈالر کی فوری تقسیم کی اجازت دی گئی۔
یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب پاکستانی حکام نے گزشتہ ماہ ایس بی اے کے دوسرے اور آخری جائزے پر آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کا معاہدہ کیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے پیر کو ساتویں مسلسل اجلاس میں بنیادی شرح سود کو 22 فیصد پر برقرار رکھا۔
دریں اثنا امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں0.03 فیصد اضافہ ہوا۔ کاروبار کے اختتام پر ڈالر 9 پیسے کی کمی کے بعد 278 روپے 31 پیسے پر آگیا۔
آل شیئر انڈیکس کا حجم ایک سیشن پہلے 613.31 ملین سے کم ہو کر 560.55 ملین ہو گیا۔
حصص کی مالیت بھی گزشتہ سیشن کے 26.31 ارب روپے سے گھٹ کر 25.73 ارب روپے ہوگئی۔
ورلڈ کال ٹیلی کام 47.69 ملین حصص کے ساتھ والیم لیڈر رہی، اس کے بعد پیس (پاک) لمیٹڈ 27.12 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرےاور پاک پیٹرولیم 23.16 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
منگل کو 384 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 113 کے بھاؤ میں اضافہ، 244 میں کمی جبکہ 27 کے بھاؤ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
Comments
Comments are closed.