اوبر نے پاکستان میں کاروبار سمیٹ لیا، لاہور میں بھی آپریشن بند کرنیکا فیصلہ
آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی بڑی کمپنی اوبر لاہور میں بھی اپنا آپریشن بند کردے گی۔ صوبہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور پاکستان کا واحد شہر ہے جہاں اوبر اپنے نام سے سروسز فراہم کررہی ہے تاہم اب اس شہر میں اوبر کے انتظامات اس کی ذیلی کمپنی یعنی کریم سنبھالے گی۔
اس ضمن میں اوبر کے ترجمان نے منگل کو بزنس ریکارڈ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے پاکستان بھر میں اپنی ایپلیکشنز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ذیلی کمپنی کریم کام کرتی رہے گی، کریم ایپ سے پاکستان بھر میں رائیڈ اور ڈرائیوروں کیلئے کمائی کے موقع فراہم کیے جائیں گے۔
اس فیصلے کو اوبر کی عالمی نمو کی حکمت عملی کے مطابق دیکھا جا رہا ہے جہاں اس نے اپنی ذیلی کمپنی کے ساتھ آپریشنز کو واپس یا ضم کر دیا ہے۔
اکتوبر 2022 میں اوبر نے کراچی، ملتان، فیصل آباد، پشاور اور اسلام آباد میں اپنے ایپ آپریشنز بند کرنے کا اعلان کیا تھا اور یہ اب تک صرف صرف لاہور میں دستیاب تھی۔
منگل کے اس اقدام کے بعد پاکستان میں اوبر کے آپریشنز بند ہو گئے ہیں، اور اس کی جگہ کریم نے لے لی ہے۔
دریں اثنا اوبر کا ذیلی ادارہ کریم پاکستان میں اپنی خدمات فراہم کرتا رہے گا، جو اس وقت کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، ملتان، فیصل آباد، ایبٹ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور کوئٹہ سمیت 10 شہروں میں کام کر رہا ہے۔
جون 2022 میں کریم نے پاکستان میں فوڈ ڈلیوری بزنس کا کاروبار بھی بند کردیا تھا ، فوڈ ڈلیوری بزنس کے ذریعے کریم نے اپنے کاروبار کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی کوشش کی۔
اوبر، جس نے2019 میں کریم کو 3.1 بلین ڈالر میں حاصل کرنے کے اپنے منصوبے کا اعلان کیا، نے2023 کی چوتھی سہ ماہی میں 1.4 ارب ڈالر کی خالص آمدنی حاصل کی، جس میں اوبار کی ایکویٹی سرمایہ کاری کے دوبارہ جائزہ میں سامنے آنے والا ایک ارب ڈالر کا قبل از ٹیکس منافع بھی شامل ہے۔
Comments
Comments are closed.