پاکستان

آئی ایم ایف کی نئی قسط پر وزیراعظم کا اظہار اطمینان

  • قرض سے نجات اور معاشی خوشحالی کا دور بھی جلد آئے گا ، شہباز شریف
شائع April 30, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے آئی ایم ایف کی1.1ارب ڈالر کی قسط جاری ہونے پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرض سے نجات اور معاشی خوشحالی کا دور بھی جلد آئے گا۔

یہ فنڈنگ ​​آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی انتظام کی دوسری اور آخری قسط تھی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قرض سے معاشی استحکام آئے گا ۔ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں اہم ثابت ہوا ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پیر کو حتمی قسط کی منظوری دی۔

یہ منظوری ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے ساتھ شہباز شریف کے قرض کے ایک نئے پروگرام پر بات چیت کے ایک دن بعد سامنے آئی۔

آئی ایم ایف نے اسٹینڈ بائی انتظام کے تحت اہداف حاصل کرنے کے لیے پاکستان کی پالیسی اور مالیاتی اقدامات کو سراہا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پروگرام کے دوران میکرو اکنامک حالات میں بہتری آئی ہے۔

مالی سال کی پہلی ششماہی میں جی ڈی پی کے 1.8 فیصد کے بنیادی سرپلس کے ساتھ مالیاتی پوزیشن مستحکم ہوتی جارہی ہے جو کہ جی ڈی پی کے 0.4 فیصد پرائمری سرپلس کو حاصل کرنے کے راستے پر ہے۔

اسلام آباد آئی ایم ایف کے ساتھ ایک نئے، بڑے طویل مدتی معاہدے کا خواہاں ہے۔

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسلام آباد جولائی کے اوائل تک نئے پروگرام پر عملے کی سطح کا معاہدہ حاصل کر سکتا ہے۔

اسلام آباد کا کہنا ہے کہ وہ میکرو اکنامک استحکام کے حصول اور طویل عرصے سے زیرالتوا اور تکلیف دہ ساختی اصلاحات کو انجام دینے میں مدد کے لیے کم از کم تین سال کے لیے قرض کی تلاش کررہا ہے۔

اورنگزیب نے ملک کی جانب سے مانگی گئی رقم کی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا ۔

اسلام آباد نے ابھی باضابطہ درخواست نہیں دی لیکن آئی یم ایف اور حکومت پہلے ہی بات چیت کر رہے ہیں۔ اگر یہ معاہدہ ہوجاتا ہے تو یہ پاکستان کا 24 واں آئی ایم ایف بیل آؤٹ ہوگا۔

350 ارب ڈالر کی معیشت کو ادائیگیوں کے دائمی توازن کے بحران کا سامنا ہے، جس میں اگلے مالی سال تقریباً 24 ارب ڈالر قرض اور سود کی ادائیگی کے لیے ہیں جو کہ اس کے مرکزی بینک کے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر سے 3 گنا زیادہ ہے۔

وزارت خزانہ کو توقع ہے کہ جون میں ختم ہونے والے مالی سال میں معیشت کی شرح نمو 2.6 فیصد رہے گی، جب کہ سال کے لیے اوسط افراط زر 24 فیصد رہنے کا امکان ہے جو پچھلے مالی سال کے 29.2 فیصد سے کم ہے۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ افراط زر جو اب بھی بلند ہے، مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور مناسب طور پر سخت ڈیٹا پر مبنی مالیاتی پالیسی برقرار رکھنے کے ساتھ جون کے آخر تک تقریباً 20 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔

پاکستان کو استحکام سے مضبوط اور پائیدار بحالی کی طرف لے جانے کے لیے حکام کو اپنی پالیسی اور اصلاحات کی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

Comments

Comments are closed.