پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب میں گندم کی خریداری کی پالیسی کے خلاف کسانوں کے احتجاج میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔

آج نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ گندم کے معاملے پر ایوان میں بحث ہونی چاہیئے۔

اسد قیصر نے پنجاب میں کسانوں کے احتجاج میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام عہدیداروں سے کہتا ہوں کہ احتجاج میں شرکت کریں۔

اپوزیشن ارکان نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا صرف 1.35 ملین میٹرک ٹن گندم خریدنے کا منصوبہ ہے جس سے بہت سے کسانوں کو اپنی فصل کیلئے خریدار نہیں ملے گا۔ اس اقدام سے کسان شدید نقصان کا شکار ہونگے۔

اسپیکر نے گندم کی خریداری کے معاملے کی تحقیقات کے لیے مجتبیٰ شجاع الرحمان اور بلال یاسین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دیدی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ سرکاری محکمے کو کسانوں سے فوری گندم کی خریداری کا حکم دیا تھا۔

وزیراعظم نے ہفتہ کو وفاقی حکومت کے 1.4 ملین میٹرک ٹن کے گندم کی خریداری کے ہدف کو 1.8 ملین میٹرک ٹن تک بڑھا دیا تھا۔

وزیراعظم نے پاسکو کو گندم خریداری کے ہدف میں اضافے اور فوری خریداری کو یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔

وزیراعظم نے پاسکو کو ہدایت کی کہ گندم کی خریداری کے حوالے سے شفافیت اور کسانوں کی سہولت کو ترجیح دی جائے۔

Comments

Comments are closed.