وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کے روز کہا ہے کہ پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پوری کوشش کر رہا ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو سے پاک ملک کے حتمی مقصد تک پہنچنے کے لیے تمام شراکت داروں کی طرف سے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بات ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کے دوران کہی۔

وزیراعطم آفس کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے بی ایم جی ایف کی دیرینہ حمایت پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور بی ایم جی ایف کے درمیان مضبوط شراکت داری کو یقینی بنانے کے لیے بل گیٹس کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران، گیٹس نے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے وزیر اعظم شہباز کی قیادت میں پنجاب میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو ویکسین کے پروگرام کا ذکر کیا اور حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ملک بھر میں اسی طرز عمل کو دہرانے پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ پولیو کا خاتمہ مستقبل کی نسلوں کو اس موذی مرض سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔

دونوں نے پاکستان اور فاؤنڈیشن کے درمیان حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کے شعبوں میں جاری سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک قابل اعتماد پارٹنر ہے اور آئی ٹی، تعلیم اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔

Comments

Comments are closed.