وزیر اعظم شہباز شریف عالمی تعاون، نمو اور توانائی کے شعبے میں ترقی کے حوالے سے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے ہفتہ کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کیلئے روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم کو اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب کی جانب سے دی گئی ہے۔

دفتر خارجہ نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ڈبلیو ای ایف کا اجلاس 28 سے 29 اپریل کو ہوگا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزراء تجارت اور سرمایہ کاری کے اقدامات، سرمایہ کاری کے نئے فریم ورک، سپلائی چینز کی تنظیم نو، پائیدار ترقی اور توانائی کے منظر نامے سے متعلق امور پر ڈبلیوای ایف کی بحث میں حصہ لیں گے۔

فورم میں اعلیٰ سطح کی شرکت سے عالمی صحت کے ڈھانچے سمیت پاکستان کو جامع ترقی، علاقائی تعاون کو زندہ کرنے، ترقی اور توانائی کی کھپت کو فروغ دینے کے درمیان توازن قائم کرنے سے متعلق پاکستان کو اپنی ترجیحات پیش کرنے کا بہترین موقع ملے گا.

دفترخارجہ نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم شہباز اور ان کا وفد عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، جن میں سعودی قیادت، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور فورم میں شریک دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔

Comments

Comments are closed.