وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے آج سعودی عرب روانہ ہوں گے
وزیراعظم شہبازشریف عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے حوالے سے عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے آج سعودی عرب رواںہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ڈبلیو ای ایف کا اجلاس 28 سے 29 اپریل کو ہوگا۔
وزیراعظم کو اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی ولی عہد اور سعودی مملکت کے وزیراعظم محمد بن سلمان اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب کی جانب سے دی گئی ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔
دورے کے موقع پر وزیراعظم اور وزراء تجارت و سرمایہ کاری کے اقدامات، سرمایہ کاری کے نئے فریم ورک ، سپلائی چین کی تنظیم نو، پائیدار ترقی اور توانائی کے منظر نامے سے متعلق مسائل پر فورم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
فورم میں اعلیٰ سطح کی شرکت خاص طور پر عالمی صحت کے ڈھانچے میں پاکستان کی ترجیحات، جامع ترقی، علاقائی تعاون کو زندہ کرنے، ترقی اور توانائی کی کھپت کو فروغ دینے کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت کو پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وزیراعظم اور ان کا وفد عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے جن میں سعودی قیادت، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور تقریب میں شریک دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔
Comments
Comments are closed.