اسٹاک ایکسچینج : ایک اور ریکارڈ ،انڈیکس پہلی بار 72 ہزار کی بلند سطح پر
- شرح سود میں کمی کی توقعات ، بہتر معاشی اشاریے تیزی کی وجہ قرار
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے ریکارڈز بننے کا سلسلہ جاری ہے، آج ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 72 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔
دوپہر 2:45 بجے کے ایس ای 100انڈیکس 714.82 پوائنٹس یا ایک فیصد اضافے سے 72,074.22 پوائنٹس پر جاپہنچا ، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 72,414.32 پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا تھا۔
سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور اوایم سیز سمیت اہم شعبوں میں بھرپور خریداری کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے ۔ پی پی ایل، او جی ڈی سی، پی ایس او، شیل سمیت سیگر دیگرمنافع بخش کمپنیاں سرگرم دکھائی دے رہی ہیں۔
ماہرین نے تیزی کے رجحان کو شرح سود میں کمی کی توقعات اور بہتر معاشی اشاریوں سے منسوب کیا ہے ۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ بلندی کی وجہ بنیادی طور پر ادارہ جاتی خرید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریکارڈ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کے بعد سرمایہ کار اب اپریل کے سی پی آئی میں بڑی کمی کی توقع کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں شرح سود میں کمی ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ منگل کو کے ایس ای 100اندیکس 74پوائنٹس کی کمی سے 71,359 پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر بدھ کو ایشیائی اسٹاک میں اضافہ دیکھا گیا ۔
Comments
Comments are closed.