مارکٹس

اسٹاک ایکسچینج میں رینج باؤنڈ سیشن، کے ایس ای 100 انڈیکس میں معمولی کمی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) منگل کو رینج باؤنڈ سیشن دیکھنے میں آیا کیوں کہ اس کا بینچ مارک کے ایس ای 100...
شائع April 23, 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کو رینج باؤنڈ سیشن دیکھنے میں آیا کیوں کہ اس کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 74 پوائنٹس کی معمولی کمی پر بند ہوا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس پر ٹریڈنگ پورے سیشن کے دوران اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔

کاروباری روزکے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 74.06 پوائنٹس یا 0.10 فیصد کمی کے ساتھ 71,359.41 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 524 پوائنٹس بڑھ کر 71,000 پوائنٹس سے اوپر کی سطح پر بند ہوا۔

بروکریج ہاؤس اسماعیل اقبال سیکیورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں بتایا کہ منگل کو سیمنٹ، ٹیکسٹائل اور آٹو سیکٹر میں مثبت رحجان دیکھنے میں آیا۔ دوسری جانب کمرشل بینک، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن میں منفی رحجان دیکھنے کو ملا۔

ایک اہم پیش رفت میں، وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے منگل کو کہا کہ انہیں توقع ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر رواں مالی سال 9-10 بلین ڈالر کے قریب پہنچ جائیں گے۔

1 بلین ڈالر کے بانڈ کی ادائیگی کے باوجود مرکزی بینک کے پاس موجود ذخائر اس وقت 8 بلین ڈالر سے زیادہ ہیں۔

دریں اثنا، پاکستان کے ریفائنرز نے مبینہ طور پر خبردار کیا ہے کہ حکومت کے ایندھن کی قیمتوں کو بے قابو کرنے کے منصوبے ریفائنرز کو 6 بلین ڈالر تک کے اپگریڈیشن کا منصوبہ متروک اور کچھ ریفائنریز کو بند کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔

سیاسی حوالے سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے منگل کو لاہور کا دورہ کیا اور پھر کراچی کا رخ کیا۔ وہ پاکستان کے تین روزہ دورے پر ہیں جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو بڑھانا ہے۔

غزہ جنگ کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور مغرب کی جانب سے ایران پر پابندیوں میں اضافہ کے دوران ایرانی صدر کا یہ دورہ انتہائی اہم ہے۔

اقتصادی سطح پر، پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، منگل کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.02 فیصد کی کمی ہوئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پرامریکی ڈالر کی قدر 278.38 رہی جبکہ روپے کی قدر میں 5 پیسے کی کمی دیکھنے میں آئی۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم ایک سیشن پہلے 655.2 ملین سے بڑھ کر 655.93 ملین ہو گیا۔

تاہم حصص کی مالیت گزشتہ سیشن میں 31.25 ارب روپے سے گھٹ کر 24.5 ارب روپے ہوگئی۔

کے الیکٹرک لمیٹڈ 67.16 ملین شیئرز کے ساتھ والیم لیڈر تھی، اس کے بعد پاک انٹ بلک 46.35 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور فوجی سیمنٹ 45.92 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبرپر رہی۔

منگل کو 371 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 170 کی قیمت میں اضافہ، 179 میں کمی جبکہ 22 کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

Comments

Comments are closed.