ایرانی صدر کا کراچی پہنچنے پر پرتپاک استقبال

گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا
شائع April 23, 2024

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی لاہور کا دورہ مکمل کرنے کے بعد منگل کی شام کراچی پہنچ گئے۔ معزز مہمان نے لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دی اور پنجاب حکومت کے متعدد عہدیداروں سے ملاقات کی۔

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس سے قبل وفد کے ہمراہ لاہور پہنچنے پر ایرانی صدر کا استقبال وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دیگر صوبائی وزراء نے کیا تھا۔

ایرانی صدر نے پاکستانی عوام کے ساتھ ”خصوصی تعلق“ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں خود کو اجنبی محسوس نہیں کرتے۔

اس سے قبل دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ ایرانی صدر لاہور اور کراچی کا دورہ کریں گے اور صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

گورنر سندھ نے منگل کو کہا کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

اس سے قبل دورے کے تناظر میں عوام کو پریشانیوں سے بچانے کیلئے کراچی ڈویژن میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔

کمشنر کراچی کے دفتر سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، تمام سرکاری اور نجی دفاتر، اور تعلیمی ادارے (سرکاری/نجی) منگل کو بند رہیں گے تاہم ہنگامی اور ضروری خدمات کے اہلکاروں اور محکموں پر نوٹیفکیشن کا اطلاق نہیں ہوگا۔

صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے تین روزہ دورے پر ہیں جو بدھ 24 اپریل تک جاری رہے گا۔

Comments

Comments are closed.