ایرانی حمایت یافتہ لبنان کے جنگجو گروپ حزب اللہ نے منگل کے روز کہا ہے کہ اس نے اسرائیل کے شہر عکا کے شمال میں فوجی اڈوں پر ڈرون حملے کیے ہیں۔ حزب اللہ کا کہناہے کہ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد اسرائیلی علاقے میں یہ اس کا سب سے بڑا حملہ ہے۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ اسے حزب اللہ کی طرف سے اس کی کسی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بارے میں علم نہیں ہے، تاہم اس نے منگل کے روز اپنے پہلے بیان میں کہا تھا کہ اس نے اسرائیل کے شمالی ساحل پر دو ”فضائی اہداف“ کو تباہ کیا ہے ۔

حزب اللہ نے کہا کہ یہ اسرائیل کی جانب سے کیے گئے اس حملے کا جواب ہے جس میں اسکا جنگجو مارا گیا تھا۔ اس گروپ نے ایک تصویر بھی جاری کی، جو بظاہر سیٹلائٹ تصویر معلوم ہوتی ہے، جس میں حملے کے مقام پر دھویں کو سرخ دائرے کے ساتھ بطور علامت پیش کیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا تھاکہ اسرائیل کے فضائی حملوں میں جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے دو جنگجو مارے گئے۔ حزب اللہ نے بعد میں اپنے ایک جنگجو حسین ازکول کے مارے جانے کی تصدیق کی لیکن مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

حزب اللہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں جنگجو مارا گیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق پیر سے منگل کی درمیانی شب ایک اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کی ایلیٹ یونٹ ردوان فورسز کا ایک جنگجو مارا گیا، اگرچہ حزب اللہ نے اس کی موت کی تصدیق نہیں کی ہے۔

اکتوبر سے لے کر اب تک اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے تقریباً 270 جنگجو اور 50 کے قریب شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ حزب اللہ کے راکٹ اور ڈرون حملے میں ایک درجن کے قریب اسرائیلی فوجی اور 50 سے زیادہ عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ گولہ باری نے ہر طرف دسیوں ہزار افراد کو بے گھر کر دیا ہے۔

Comments

200 حروف