وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے متحدہ عرب امارات کے کاروباری اداروں پر پاکستان میں سرمایہ کاری کی سرگرمیاں بڑھانے پر زور دیا ہے ۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق محمد اورنگزیب نے دبئی میں آیانا ہولڈنگ کے چیئرمین عبداللہ بن لہیج، محمد ہلال بن تراف المنصوری، چیئرمین ناد الشیبہ ہولڈنگ سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے موجودہ اقتصادی شراکت داری کی حمایت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو بڑھانے کے طریقے تلاش کئے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر بات چیت لاجسٹکس، انفرااسٹرکچر اور رئیل اسٹیٹ کی ترقی کے شعبوں میں نمو پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران وزیرخزانہ نے پاکستان کے مسابقتی فوائد پر روشنی ڈالی جو ملک کو اعلیٰ منافع اور پائیدار ترقی کے خواہاں سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثالی مقام بناتا ہے۔

اورنگزیب نے سرمایہ کاروں کو ان کے سفر کے ہر مرحلے میں معاونت کرنے میں خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کونسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

علیحدہ ملاقات میں اورنگزیب نے دبئی میں مشرق بینک اور فرسٹ ابوظہبی بینک کے سینئر حکام سے مالی اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

Comments

Comments are closed.