صدرمملکت آصف علی زرداری نے پیر کو اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کا ایوان صدر میں استقبال کیا۔
صدر پاکستان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں صدر مملکت کی جانب سے کہا گیا اپنے بھائی صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کرنے پر فخر محسوس کررہا ہوں۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اورموجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بات چیت اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ دورے پر پاکستان میں ہیں ۔
ایرانی صدر کے ساتھ خاتون اول، وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک بڑا تجارتی وفد بھی موجود ہے۔
وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔
بعدازاں ایرانی صدر وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا ۔ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
8 فروری کے عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ابراہیم رئیسی چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اوراسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی ملاقات کریں گے۔
وہ لاہور اور کراچی بھی جائیں گے اور صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس نے مزید کہا کہ وہ علاقائی ، عالمی پیش رفت اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعاون پر بھی بات کریں گے۔
Comments
Comments are closed.