ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ایک روزہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر 2 وکٹوں سے شکست دیکر 3 میچز کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کی بیٹر اسٹیفنی ٹیلر نے 73 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔

مہمان ٹیم نے 223 رنز کا ہدف کافی مشکلات کے بعد آخری گیند پر عبور کیا۔ ٹیلر کو شاندار اننگز پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے تیسری وکٹ کے لیے شیمین کیمبل (52) کے ساتھ 88 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ کپتان ہیلی میتھیوز نے بھی 44 رنز کی اننگ کھیل کر اہم کردار اداکیا۔

ندا ڈار نے غیرمعمولی گیند بازی کرتے ہوئے 52 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی عمدہ گیند بازی سے پہلے لگ رہا تھا کہ ویسٹ انڈین ٹیم با آسانی ہدف حاصل کرلے گی تاہم ندا نے آخری لمحات میں مہمان ٹیم کو خاصہ مشکل میں ڈال دیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کو فتح کیلئے آخری گیند پر تین رنز درکار تھے، وکٹ پر موجود بیٹر کرشمہ رامہراک نے فاطمہ ثنا کی گیند پر باؤنڈری لگانے کے بعد اعصاب شکن مقابلے میں فتح پر مہر ثبت کی۔ میچ میں 4 شکار کرنے کے بعد ندا ڈار ثنا میر کے بعد ون ڈے میں 100 وکٹیں لینے والی دوسری پاکستانی بولر بن گئیں۔ ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے جمعے کو پہلےے ونڈے میں 113 رنز سے کامیابی اپنے نام کرلی۔ اس سے قبل سدرہ امین کی نصف سنچری (50) اور بسمہ معروف کے 65 رنز کی بدولت پاکستان ٹیم 223 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 80 رنز کی شراکت قائم کی۔ چنیل ہینری اور رامہارک نے تین تین جبکہ ایفی فلیچر نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔

Comments

Comments are closed.