یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ہفتے کے روز امریکی ایوان نمائندگان سے اپنے ملک کے لیے فوجی امداد کے بل کی منظوری پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اس امداد سے جانیں بچیں گی اور روس کے ساتھ جنگ کا خاتمہ ہوگا.

زیلنسکی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں ریاستہائے متحدہ کے ایوان نمائندگان، دونوں جماعتوں تاریخ کو درست سمت پر رکھنے کیلئے اسپیکر مائیک جانسن کے فیصلے کے لیے شکر گزار ہوں۔

یوکرین کے صدر نے کہا کہ یہ بل جنگ کو پھیلنے سے روکے گا، اور ہزاروں جانیں بچائے گا جبکہ اس سے ہماری دونوں قوموں کو مضبوط ہونے میں مدد ملے گی۔

چند منٹ بعد، اپنے رات کے ویڈیو خطاب میں زیلنسکی نے کہا کہ ہمارے اگلے مورچوں فوجی اس مدد کو محسوس کریں گے ۔ انہوں نےاصولوں پر مبنی بین الاقوامی نظام کے تحفظ میں ”امریکی قیادت“ کے کردار کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم یقینی طور پر امریکی حمایت کا استعمال اپنی دونوں قوموں کو مضبوط کرنے اور اس جنگ کا منصفانہ خاتمہ کرنے کے لیے کریں گے۔ ایسی جنگ جو پیوٹن کو ہارنا ہوگی۔

بل کے تحت یوکرین کو 60.84 بلین ڈالر فراہم کیے جائیں گے، جس میں امریکی ہتھیاروں، ذخائر اور سہولیات کو بھرنے کے لیے 23 بلین ڈالر بھی شامل ہیں۔

امریکی سینیٹ نے دو ماہ قبل اسی طرح کا ایک اقدام منظور کیا تھا،جس کے بعد توقع ہے کہ وہ موجودہ بلز آئندہ ہفتے منظور کر کے صدر جو بائیڈن کو دستخط کرنے کے لیے بھیج دے گا۔

یوکرین کے وزیر خزانہ سرگی مارچینکو نے بجٹ سپورٹ کے لیے 7.8 بلین ڈالر کی قانون سازی کی طرف اشارہ کیا۔

انہوں نے ایکس پر لکھا کہ یہ وہ غیر معمولی مدد ہے جس کی ہمیں مالی استحکام برقرار رکھنے اور غالب رہنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم ڈینس شمیہل نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ بل کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ نے امن اور سلامتی کے لیے لڑائی میں ”قیادت اور عزم“ کا مظاہرہ کیا۔

شمیہل نے ان شقوں کی منظوری کے لیے شکریہ ادا کیا جو امریکہ کے لیے روسی اثاثوں کو ضبط کرنے اور جنگ کی تباہی کے بعد تعمیر نو کے لیے یوکرین کے حوالے کرنے میں مدد کریں گے۔

انہوں نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ ہمیں فتح اور تعمیر نو کے لیے ایک اہم ذرائع ملیں گے،میں ایسے ممالک جہاں روسی اثاثے رکھے گئے ہیں ان سے بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اس مثال کی پیروی کریں۔

Comments

Comments are closed.