وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ سی پیک کی بدولت پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی تعلقات میں تیزی آرہی ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم نے ہفتے کو چینی زبان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ چین نے اپنی اقتصادی ترقی کی بدولت دنیا بھر میں شناخت بنائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی ثقافت اور زبان تیزی سے پوری دنیا میں مقبول ہو رہی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چینی زبان دنیا بھر میں رابطے کی بڑی زبان بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی زبان اور ادب کے فروغ کے لیے سرکاری اور نجی سطح پر تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ چینی زبان عالمی تناظر میں نمایاں اہمیت حاصل کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی زبان اقوام متحدہ کی چھ سرکاری زبانوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پوری دنیا میں ایک معاشی طاقت کے طور پر اپنی اہمیت کا ثبوت دیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ بھی چینی زبان کے عالمی کا جشن مناتی ہے جس کا مقصد زبانوں اورثقافتوں کو فروغ دیناہے۔
عام طورپر اقوام متحدہ اپنی 6 آفیشل زبانوں کو فروغ دینے کیلئے اس کا الگ الگ دن مناتی ہے۔ چینی زبان بھی اقوام متحدہ کی آفیشل زبانوں میں سے ایک ہے۔
پاکستان نے چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان میں چینی کارکنوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
حالیہ ہفتوں میں چینی مفادات اور اہلکاروں کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ ماہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں ایک مشتبہ خودکش حملے میں پانچ چینی انجینئرز سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) مالاکنڈ، محمدعلی کے مطابق، غیر ملکی باشندے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کوہستان جار ہے تھے کہ ایک بارود سے بھری گاڑی ان کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔
چین نے پاکستان میں اپنے شہریوں پر ہونے والے حالیہ خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مجرموں کو پکڑ کر سزادے۔
Comments
Comments are closed.